پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاریوں میں بڑی پیشرفت سامنے آ گئی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس سلسلے میں اعلیٰ سطح کمیٹی کی منظوری دے دی ہے۔کمیٹی کی سربراہی نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کریں گے اور اس کا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ممکنہ پلان، گیمز کی تیاری، اخراجات، اسپورٹس انفراسٹرکچر اور سیکیورٹی پر غور کیا جائے گا۔ کمیٹی اپنی حتمی سفارشات بھی مرتب کرے گی۔کمیٹی میں شامل افراد میں وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب، رانا ثناءاللہ، سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے علاوہ صدر پی او اے عارف سعید اور رانا مشہود احمد خان شامل ہیں۔ دفاعی اداروں اور وزرائے اعلیٰ کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، جبکہ وزارتیں بین الصوبائی رابطہ، خزانہ اور داخلہ کے وفاقی سیکرٹریز بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان نے آئندہ سال جنوری میں سیف گیمز کی میزبانی کرنی ہے اور ساؤتھ ایشین گیمز 23 سے 31 جنوری تک منعقد کیے جائیں گے۔