ایشین گیمز میں پاکستان کو پہلا تمغہ حاصل ہوگیا

ایشین گیمز میں پاکستان کو پہلا تمغہ حاصل ہوگیا

کراچی: ایشین گیمز 2026 میں پاکستان نے اپنے پہلے میڈل کا کھاتہ کھول لیا۔

 مکسڈ مارشل آرٹس کے سیمی فائنل میں کراچی سے تعلق رکھنے والے عاصم خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم مقابلے کے قواعد کے تحت وہ برانز میڈل کے حقدار قرار پائے۔عاصم خان کو ملنے والے برانز میڈل کی باقاعدہ تقریب کل منعقد ہوگی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز 2026 میں اپنا پہلا تمغہ حاصل کرلیا ہے۔گیمز میں عاصم خان کے ساتھ ٹیم لیڈر کی ذمہ داریاں انجام دینے والے دلاور خان نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عاصم خان نے پاکستان کے لیے میڈل کا کھاتہ کھول دیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر ایونٹس میں بھی پاکستانی ایتھلیٹس میڈلز حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔دلاور خان کے مطابق یہ عاصم خان کا ایشین گیمز میں پہلا میڈل ہے، تاہم اس سے قبل بھی وہ عالمی سطح پر برانز میڈل اور ایشین سطح پر سلور میڈل جیت چکے ہیں۔عاصم خان بدھ کو کراچی واپس پہنچیں گے، جہاں ان کی وطن واپسی کے بعد کھیلوں سے وابستہ حلقوں کی جانب سے ان کی کارکردگی کو سراہنے کی توقع ہے۔

دیگر مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹس کی کارکردگی
دوسری جانب ایشین گیمز کے مختلف مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹس کو مشکلات کا سامنا رہا۔ 50 میٹر فری اسٹائل مقابلے میں پاکستانی سوئمر حمزہ آصف نے اپنی ہیٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی، تاہم تمام ہیٹس کے مجموعی نتائج میں وہ 30ویں نمبر پر رہے۔ٹرائی تھلون کے مکسڈ فائنل میں بھی پاکستانی ٹیم مقررہ مقابلہ مکمل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ پاکستانی ٹیم میں ثنا عارف، عنیشہ، مستغیث نور اور علی حسن شامل تھے۔ کھلاڑیوں نے 300 میٹر سوئمنگ، 7 کلومیٹر سائیکلنگ اور 2 کلومیٹر دوڑ کے مراحل میں حصہ لیا۔رپورٹ کے مطابق علی حسن مقررہ وقت میں ایونٹ مکمل نہ کرسکے، جس کے باعث پاکستان کا مجموعی نتیجہ این ڈی ایف (Not Defined/Finished) قرار دیا گیا۔ کوچ عبدالغفار گجر نے ایتھلیٹس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مجموعی رینکنگ میں پاکستان 14ویں نمبر پر رہا۔سوفٹ ٹینس کے مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں بھی پاکستانی ٹیم کو کامیابی نہ مل سکی اور اسے چائنیز تائی پے، جنوبی کوریا اور فلپائن کی ٹیموں کے خلاف شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹیبل ٹینس کے ویمنز ٹیم گروپ میچ میں بھی پاکستان کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ یوں مختلف کھیلوں میں مشکلات کے باوجود مکسڈ مارشل آرٹس میں عاصم خان کا برانز میڈل پاکستان کے لیے گیمز کا پہلا تمغہ ثابت ہوا۔