پاکستان ویمنز نے بنگلادیش کو 31 رنز سے شکست دے کر ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

پاکستان ویمنز نے بنگلادیش کو 31 رنز سے شکست دے کر ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

نشین: ایشین گیمز 2026 کے ویمنز کرکٹ ایونٹ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 31 رنز سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔

 نشین کے کوروگی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے، جس کے جواب میں بنگلادیش کی ٹیم 7 وکٹوں پر 114 رنز بنا سکی۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے گل فیروزہ نے 23 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شوال ذوالفقار نے 17 رنز بنائے۔ ابتدائی شراکت کے بعد پاکستان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار ہوئی اور ایک مرحلے پر ٹیم نے مختصر وقفے میں اہم وکٹیں گنوائیں۔اس موقع پر کپتان فاطمہ ثنا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے عالیہ ریاض کے ساتھ اہم شراکت قائم کی۔ فاطمہ ثنا نے 30 گیندوں پر 45 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، جبکہ عالیہ ریاض نے 22 گیندوں پر 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں کی شراکت کی بدولت پاکستان نے آخری پانچ اوورز میں 55 رنز کا اضافہ کیا اور مجموعی اسکور 145 رنز تک پہنچایا۔

بنگلادیش کی جانب سے ناہیدہ اختر، شورنا اختر اور ریتو مونی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سنجیدہ اختر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم کا آغاز مشکلات سے ہوا اور صرف 20 رنز پر اس کے تین کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ ام ہانی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور بنگلادیش کی بیٹنگ لائن پر دباؤ برقرار رکھا۔بنگلادیش کی جانب سے شرمین اختر نے 45 گیندوں پر ناقابل شکست 46 رنز بنائے، جبکہ کپتان نگار سلطانہ نے 30 گیندوں پر 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 47 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم مطلوبہ رن ریٹ بڑھنے کے باعث بنگلادیش ہدف تک نہ پہنچ سکا۔پاکستان کی جانب سے ام ہانی نے 4 اوورز میں 10 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی بہترین باؤلنگ کارکردگی بھی بن گئی۔ نصرہ سندھو نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ فاطمہ ثنا نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 45 رنز بنانے کے بعد ایک وکٹ بھی حاصل کی، جبکہ ام ہانی کی تین وکٹوں نے بنگلادیش کی ہدف کے تعاقب کی کوششوں کو محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ ایونٹ میں اپنا تیسرا تمغہ حاصل کرلیا۔ پاکستان نے اس سے قبل 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں ویمنز کرکٹ کے گولڈ میڈلز جیتے تھے، جبکہ 2022 کے ایڈیشن میں پاکستان چوتھے نمبر پر رہا تھا۔پاکستان نے موجودہ ایشین گیمز میں کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی، جہاں اسے سری لنکا کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد قومی ٹیم نے تیسری پوزیشن کے میچ میں بنگلادیش کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔