ضمنی الیکشن:13سیٹوں پر کل جوڑ پڑے گا
قومی اسمبلی کی6 این اے 143، 104، 96 ، 18، 185 اور 129 اور پنجاب اسمبلی کی 7 نشستوںپی پی 73، 269، 203، 116، 115، 98 اور 87 میں امیدوار آمنے سامنے ، عام فورسز دوسرے درجے پر بطور کوئیک ری ایکشن فورس تعینات رہیں گی
اسلام آباد (بیورو رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک )قومی اسمبلی کے6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں کل اتوار کو ضمنی انتخابات ہونگے ، امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہو گا ۔وزارت داخلہ نے 23 نومبر کو ضمنی الیکشن کے لئے سول آرمڈ فورسز اور پاک فوج کی تعیناتی کا آرڈر جاری کر دیا، فوج اور سول عام فورسز کو درجہ اول کے مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے۔ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لییآ رٹیکل 220 اور 245 کے تحت فوج طلب کی گئی۔ضمنی انتخابات این اے 18 (ہری پور)، این اے 96 (فیصل آباد-II)، این اے 104 (فیصل آباد-X)، این اے 143(ساہیوال-III)، این اے 185 (ڈیرہ غازی خان-II)، این اے 129 (لاہور-XIII)، پی پی 73 (سرگودھا-III)، پی پی 98 (فیصل آباد-I)، پی پی 115 (فیصل آباد-XVIII)، پی پی 116 (فیصل آباد-XIX)، پی پی 203 (ساہیوال-VI)، پی پی 269 (مظفرگڑھ-II) اور پی پی 87 (میانوالی-III) میں ہونگے۔این اے 129 لاہور کی نشست پی ٹی آئی کے میاں محمد اظہر کی وفات کی بنا پر خالی ہوئی تھی جبکہ دیگر قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں اراکین کی نااہلی کی وجہ سے خالی ہوئی تھیں ،قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف عمر ایوب ،سنی تحریک کے سربراہ حامد رضا، رائے حیدر، رائے حسن، رائے مرتضیٰ، زرتاج گل ، انصر اقبال اور جنید افضل کو عدالت کی جانب سے سزاسناکر نااہل قرار دیا گیا تھا۔ پی پی 269 مظفر گڑھ کے علمدار عباس نے استعفیٰ دے دیا تھا ۔ ادھر وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کے دن سے عام فورسز دوسرے درجے پر بطور کوئیک ری ایکشن فورس تعینات رہیں گی۔ پاکستانی فوج بطور کوئیک ری ایکشن فورس تیسرے درجے پر تعینات رہے گی۔رینجرز کو فوری ردعمل یونٹس کے طور پر تیسری دفاعی پرت میں خدمات فراہم کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 22 تا 24 نومبر کے دوران ضابطہ فوجداری کے مطابق کسی بھی خلاف ورزی، ہنگامی صورتحال یا جرم کے ارتکاب کی صورت میں خلاصہ کارروائی عمل میں لا سکیں گے۔تعینات فورسز کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مکمل اختیارات حاصل ہوں گے