جنوبی افریقا اور افغانستان میں کانٹے کا مقابلہ، پروٹیز دوسرے سپراوور میں فاتح

دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو 67 رنز سے شکست دے دی,
احمد آباد(آئی این پی )آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو دوسرے سپر اوور  میں شکست دیدی۔قبل ازیں بھارت کے شہر احمد آباد میں کھیلے جا رہے گروپ ڈی کے میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔مقررہ 20 اوورز میں دونوں ٹیمیں 187 رنز بنا سکیں جس کے بعد فیصلہ سپر اوور پر ہوا۔پہلے سپر اوور میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم بھی 17 رنز ہی اسکور کر سکی۔دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 23 رنز اسکور کیے لیکن افغان ٹیم 19 رنز بنا سکی اور اس طرح پروٹیز کو 4 رنز سے کامیابی حاصل ہوئی۔ قبل ازیں جنوبی افریقا کی جانب سے ایڈم مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا ہے لیکن 12 کے مجموعے پر مارکرم فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ ایک وکٹ جلد گرنے کے بعد ڈی کوک اور ریکلٹن نے ذمہ دارانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور افغان بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور دونوں کھلاڑیوں نے ایک ہی اوور میں اپنی ففٹیز مکمل کیں، ریکلٹن 61 اور ڈی کوک 59 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔ڈیوالڈ بریوس 23 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملر نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ افغانستان کی جانب سے عظمت عمر زئی نے 3 اور راشد خان نے دو کھلاڑیوں کو آئو ٹ کیا۔افغانستان کی جانب سے  اننگز کا آغاز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے کیا،  ایک موقع پر میچ میں افغانستان کی پوزیشن مضبوط ہوتی دکھائی دی تاہم 13 گیندوں پر 5 کھلاڑی آئوٹ ہونے کے باعث پوری افغان ٹیم 20 ویں اوور میں 187 رنزپر آئوٹ ہو گئی۔افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز نے 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 87 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ عظمت اللہ عمر زئی 22 اور راشد خان 20 رنز بنا سکے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔خیال رہے کہ افغانستان کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ جنوبی افریقا نے کینیڈا کو 57 رنز سے شکست دی تھی۔ دوسرے میچ میںآسٹریلیا نے آئرلینڈ کو 67 رنز سے شکست دے دی۔ آسٹریلیا کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 16.5 اوورز میں 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ٹی 20 ورلڈ کپ کے 14ویں میچ میں آسٹریلیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو با آسانی 67 رنز سے شکست دے دی۔کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 16.5 اوورز میں 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آئرلینڈ کی جانب سے جارج ڈوک ریل کے 41 رنز رائیگاں گئے جبکہ لورکن ٹکر 21 رنز بنا سکے۔ کپتان پال اسٹرلنگ صرف ایک رن بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس اور ایڈم زمپا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چار، چار  کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ میتھیو کھونیمن نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے اور آئرلینڈ کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا۔ مارکوس اسٹونس نے 29 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ میٹ رینشا اور جوش انگلس نے 37، 37 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور میں اہم اضافہ کیا۔ کیمرون گرین 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ گلین میکسویل 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔