مصری شاہ : پلاٹ کے تنازع پر 2 افراد قتل

عبدالرحمن نے بیلف کے ذریعے رقبہ واگزار کرایا،فیاض کے پہنچنے پر جھگڑا، عبدالرحمن، فیاض مارے گئے، ایک زخمی
لاہور(کرائم رپورٹر ) مصری شاہ فاروق گنج میں پلاٹ کے تنازع پر دو افراد قتل کردئیے گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ ذرائع کے مطابق 34 مرلے کی ملکیتی زمین میں سے 10 مرلہ کے جھگڑے پر دونوں فریقوں کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی جو بعدازاں مسلح تصادم میں تبدیل ہو گئی۔واقعہ میں 65 سالہ عبدالرحمن اور 45 سالہ فیاض خان جاں بحق ہو گئے۔ عینی شاہدین اور پولیس ذرائع کے مطابق عبدالرحمن نے متنازعہ رقبہ عدالتی بیلف کے ذریعے مقدمہ جیتنے کے بعد واگزار کروایا جس کے نتیجے میں وہ اپنے رقبے سے ملبہ صاف کروا رہا تھا کہ فیاض خان نامعلوم افراد کے ساتھ وہاں پہنچ گیا،اس نے عبدالرحمن کے ساتھ لڑائی کے دوران اینٹوں سے وار کیا، جس کے جواب میں مقتول عبدالرحمن کے سکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کر دی، جس سے فیاض خان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔جبکہ عبدالرحمن بھی فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔مقتول عبد الرحمٰن شاہد کالونی وحدت روڈ جبکہ فیاض خان مصری شاہ کا رہائشی تھا۔ پولیس نے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزم موقع سے فرار ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ متاثرہ فریقین کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات مختلف پہلوئوں پر جاری ہیں۔