لاہور سمیت صوبہ بھر میں منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف شکنجہ

  6 ہزار 687 کارندوں کو گرفتار ، قبضے سے ایک ارب 71 کروڑ 59 لاکھ روپے برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف جاری کارروائیوں میں رواں سال نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سال 2026 کے دوران 2 ہزار 753 جرائم پیشہ گینگز کے 6 ہزار 687 کارندوں کو گرفتار کر کے ان  کے قبضے سے ایک ارب 71 کروڑ 59 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا برآمد ہونے والے سامان میں 255 گاڑیاں، 4 ہزار 713 موٹر سائیکلیں، 915 تولے سونا، 2 ہزار 131 مویشی اور 4 ہزار 105 موبائل فونز شامل ہیں، جنہیں قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کرنے کا عمل جاری ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ منظم جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم  نے تمام ریجنل پولیس افسران، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ جرائم پیشہ افراد، ڈکیت گینگز اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز آپریشنز مزید مؤثر بنائے جائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔