بھارتی فوج کا چھتیس گڑھ میں سرچ آپریشن، 10 نکسل باغیوں کے قتل کا دعویٰ

بھارتی فوج کا چھتیس گڑھ میں سرچ آپریشن، 10 نکسل باغیوں کے قتل کا دعویٰ

بھارتی فوج نے چھتیس گڑھ ریاست میں ایک سرچ آپریشن کے دوران 10 افراد کو ماورائے عدالت قتل کر دیا۔

بھارتی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ افراد علیحدگی پسند نکسل باغی تھے اور ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ، بشمول کلاشنکوف، برآمد کیا گیا۔ تاہم، مقامی افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ ان افراد کو گرفتاری کے بعد گولیاں مار کر لاشیں پھینک دی گئیں۔بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بھنڈارپدر کے جنگلاتی علاقے میں علی الصبح کی گئی تھی، جہاں نکسل باغیوں کے ٹھکانے پر حملہ کیا گیا۔

 فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 10 نکسل باغی مارے گئے جبکہ 2 فوجی اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ بھارتی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس کارروائی میں ایک بڑا ہتھیاروں کا ذخیرہ پکڑا گیا ہے۔بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اس دوران کہا کہ ریاست چھتیس گڑھ کو 2026 تک مکمل طور پر نکسل باغیوں سے پاک کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس سال کے دوران بھارتی فوج نے 257 نکسل باغیوں کو مارا، 861 کو گرفتار کیا اور 789 باغیوں نے ہتھیار ڈال کر پولیس کے سامنے سرنڈر کیا۔