بھارت کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے کیمپ میں حادثاتی دھماکے کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی شام اس وقت پیش آیا جب کیمپ میں معمول کی مشق جاری تھی۔ دھماکے میں ناقابلِ استعمال دستی بموں اور میعاد ختم ہونے والے گولہ بارود کا استعمال شامل تھا۔سینئر پولیس افسر میانک گرجر کے مطابق دھماکا سکما ضلع میں سکیورٹی کیمپ کے قریب ناکارہ اور بچ جانے والے دھماکہ خیز مواد کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے عمل کے دوران ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ خیز مواد کا ایک ٹکڑا اڑ کر قریب جا گرا اور پھٹ گیا، جس سے چار اہلکار زخمی ہوئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمیوں میں دو اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، ایک انسپکٹر اور ایک ہیڈ کانسٹیبل شامل ہیں۔ دونوں اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو شدید چوٹیں آئیں، جبکہ دیگر دو اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔ واقعے کے فوراً بعد زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا۔ زخمی اہلکاروں کو مزید طبی امداد دی جا رہی ہے، جبکہ شدید زخمی اہلکاروں کو بہتر علاج کے لیے دوسرے طبی مرکز منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔