اسرائیلی فوج نے لبنان پر فاسفورس بم برسا دیئے، شام پر بھی حملے‘77افراد شہید

غزہ میں جنگ بندی کے بغیر قیدیوں کا تبادلہ نہیں ہو گا کیونکہ یہ ایک دوسرے سے جڑی ہوئی مساوات ہے:رہنما حماس 
بیروت/غزہ /دمشق(آئی این پی)لبنان میں اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری رہی، بیروت سمیت مختلف علاقوں میں بمباری کی گئی۔اسرائیلی فوج کی بمباری سے گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 28 لبنانی شہید ہوگئے جبکہ اسرائیل کی فوج کے شام کے تاریخی شہر تدمر میں کیے گئے حملے میں 49 افراد شہید اور 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق  صیہونی فوج نے یو این امن مشن کی عمارت پر بھی حملہ کر دیا جس کے باعث 4 اہلکار زخمی ہوگئے، اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان کی تین شہروں پر فاسفورس بم برسائے۔حزب اللہ نے البیضاح میں اسرائیلی فوجیوں پر راکٹ حملہ کیا، اسرائیلی ٹینک تباہ ہوگیا، جنوبی لبنان میں ڈرون حملے میں ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا۔ادھر حماس کے سیاسی بیورو کے رکن خلیل الحیہ کاکہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جنگ کے خاتمے تک اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔