اسرائیلی فوج کے یمن، لبنان، شام پر حملے: غزہ میں 24فلسطینی شہید ، 10زخمی

الحدیدہ بندرگاہ مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ، پناہ گزین کیمپ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 5بچے شہید ، جبالیہ اور بیت لاحیہ میں بھی حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان  
ریسکیوورکرز پراسرائیلی کواڈ کاپٹر سے فائرنگ ،غزہ کے 20لاکھ سے زائد افراد کو ایک نئی زمینی کارروائی کے ذریعے دوسری جگہ منتقل کر دیا جائے گا،نیتن یاہو 
غزہ؍ تل ابیب (آئی این پی )اسرائیل کی جانب سے یمن، لبنان اور شام کے ساتھ ساتھ غزہ پر ایک ہی دن میں حملے کئے گئے ، غزہ پر صیہونی فوج کی تازہ بمباری کے نتیجے میں 24فلسطینی شہید اور 10زخمی ہو گئے جبکہ یمن میں فضائی حملے میں الحدیدہ بندرگاہ مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ، سیمنٹ فیکٹری پر حملے میں ایک شخص جاںبحق، 35زخمی ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں 5بچے بھی شہید ہوئے، جبالیہ اور بیت لاحیہ میں بھی حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا ہے، عمارت کے ملبے میں دبے افراد کو نکالنے والے ریسکیو ورکرز پر اسرائیلی کواڈ کاپٹر سے فائرنگ کی گئی۔ قطری نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ کے 20لاکھ سے زائد افراد کو ایک نئی زمینی کارروائی کے ذریعے دوسری جگہ منتقل کر دیا جائے گا۔غزہ میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ غزہ کے ہسپتال 48گھنٹے بعد تمام سہولتوں سے محروم ہوجائیں گے، ہزاروں بیماروں اور زخمیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔دوسری جانب اسرائیل کے 30جنگی جہازوں نے یمن میں الحدیدہ پر فضائی حملے کئے ہیں ، یہ حملہ تل ابیب کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثیوں کے میزائل حملے کے بعد کیا گیا ۔ فضائی حملے میں الحدیدہ بندرگاہ مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ۔اسرائیلی عہدیدار نے کہا کہ الحدیدہ کی بندرگاہ پر تقریباً 50بم گرائے گئے، حوثیوں کی فیکٹری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق الحدیدہ پر حملوں میں 30سے زائد اسرائیلی طیاروں نے حصہ لیا۔اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے الحدیدہ کے مشرق میں واقع سیمنٹ فیکٹری کو سرنگوں اور فوجی انفرا اسٹرکچر کی تعمیر میں استعمال کرنے پر نشانہ بنایا۔