امریکہ نے ایران پر حملوں میں شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ‘بندر عباس کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، بوشہر میں بحری اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا
ایرانی فوج نے بحرین کے سخیر ایئر بیس پر موجود امریکی ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کو نشانہ بنایا‘کویتی حکومت نے ایک بجلی اور سمندری پانی کو میٹھا بنانے والے پلانٹ پر حملے کی تصدیق کردی
واشنگٹن‘تہران (آئی این پی)امریکہ نے ایران پر مسلسل چھٹے روز بمباری کی، اس بار شہری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔امریکی فضائیہ نے ایران شاہر ایئرپورٹ، بندر عباس، بندر خمیر، اہواز اور بوشہر میں حملے کیے، حملوں میں تین پل تباہ ہوئے جبکہ 2 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس میں رہائشی عمارت، کمیونیکیشن ٹاور اور ریلوے اسٹیشن بھی حملہ کیا گیا۔بندر عباس کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، بوشہر میں بحری اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج نے خلیج فارس میں سپر ٹینکر پر بھی حملہ کیا۔ایران نے امریکا کی جانب سے مسلسل چھٹی رات فضائی حملوں کے جواب میں خلیجی ممالک میں امریکی فوجی تنصیبات پر نئے حملے کر دیے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایرانی فوج نے دعوی کیا ہے کہ ڈرون حملوں میں کویت میں امریکی فوج کی تعیناتی اور لاجسٹک سپورٹ مراکز کو نشانہ بنایا۔ایرانی فوج نے بحرین کے سخیر ایئر بیس پر موجود امریکی ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کو بھی نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے کویتی حکومت نے ایک بجلی اور سمندری پانی کو میٹھا بنانے والے پلانٹ (ڈی سیلینیشن پلانٹ) پر حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے اس سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے‘‘ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا ہے کہ امریکا نے ہمارے پاور پلانٹس اور پلوں پر حملہ کیا تو پورے خطے کا انفرا اسٹرکچر تباہ کر دیں گے۔ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ ایران کے انفراسٹرکچر پر حملے ہوئے تو خطے کو اونٹوں کے دور میں واپس بھیج دیں گے۔ امریکا کو آبنائے ہرمزمیں مداخلت کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔