شہر کے 47 مقامات پر سیلنگ کا فیصلہ‘ 34 مقامات پر پولیس پکٹس قائم کی جائیں گے
مظاہرین سے نمٹنے اور انہیں منتشر کرنے کے لئے مرچوں والا پانی پھینکنے اور پھینٹی لگانے پر غور
راولپنڈی(آئی این پی )پی ٹی آئی کے 24 نومبر کو احتجاج کو روکنے کیلئے حکومت متحرک ہوگئی ۔ راستوں کی بندش کے لیے راولپنڈی میں کنٹینرز لگنا شروع ہوگئے۔ احتجاج ناکام بنانے اور پی ٹی آئی کارکنان کو روکنے کیلئے فوارہ چوک اور لیاقت روڈ پر کنٹینرز پہنچا دئیے گئے ۔لیاقت روڈ پر چرچ کے قریب سڑک کی سائیڈ پر ایک اور فوارہ چوک پارکنگ پلازہ کے سائیڈ پر دو کنٹینرز رکھ دئیے گئے ۔حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کا احتجاج روکنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ مزید کنٹینرز کو شہر کی مرکزی شاہراں اور راستوں پر پہنچایا جارہا ہے۔ ابھی کنٹینرز کو شاہراں کے سائیڈز پر رکھا جائے گا۔راولپنڈی پولیس نے راولپنڈی کے 47 مقامات پر سیلنگ کا فیصلہ بھی کر رکھا ہے جبکہ شہر کینٹ اور گرد نواح میں 34 مقامات پر پولیس پکٹس بھی قائم کی جائیں گے‘۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج سے نمٹنے کیلیے وفاقی پولیس کی نئی حکمت عملی سامنے آگئی، جس میں وفاقی پولیس نے مظاہرین کو "بھگو بھگو کر مارنے" کا منصوبہ بنایا ہے۔وفاقی پولیس نے مظاہرین سے نمٹنے اور انہیں منتشر کرنے کے لیے پہلے ان پر مرچوں والا پانی پھینکنے اور اس کے بعد پھینٹی لگانے کا پروگرام زیر غور ہے۔پی ٹی آئی کارکنوں کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے پولیس افسران کی جانب سے واٹر کینن کے پانی میں مرچیں ڈالنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے