عمران خان کیلئے بھی ہسپتال میں شاید کوئی جال بچھایا گیا تھا: سہیل افریدی

 پشاور(آئی این پی )وزیراعلی خیبر پختونخوا  محمد سہیل آفریدی نے اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں معصوم نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پمز میں پیش آنے والا یہ حادثہ بانی  پی ٹی آئی عمران خان کو نشانہ بنانے کے لیے بچھایا گیا کوئی جال بھی ہو سکتا تھا۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال کی نرسری میں جان سے جانے والے نومولود بچوں کا نہ تو کسی احتجاج سے کوئی تعلق تھا اور نہ ہی وہ کسی سیاسی مقابلے کا حصہ تھے، یہ معصوم بچے تو اپنے حق میں بول بھی نہیں سکتے تھے، اس حادثے کے پیچھے یقینا کسی کی مجرمانہ غفلت شامل ہے، اس واقعے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔عمران خان کے حالیہ طبی معائنے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ چند دن قبل عمران خان کو بھی اسی ہسپتال لایا گیا تھا، شاید ان کے لیے بھی وہاں کوئی جال بچھایا گیا تھا تاکہ کسی حادثے کی آڑ میں ان کی جان لی جا سکے، باقی اللہ بہتر جانتا ہے، یہ لوگ کچھ بھی کر سکتے ہیں اور کوئی بھی بہانہ بنا سکتے ہیں