گورنر پنجاب: نوجوان ملک کا روشن مستقبل اور اصل سرمایہ ہیں

گورنر پنجاب: نوجوان ملک کا روشن مستقبل اور اصل سرمایہ ہیں

پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ملاقات کی، جس میں تعلیم، کھیل، فلم انڈسٹری اور نوجوانوں کے مسائل سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں یونیورسٹی کے فلم اینڈ براڈکاسٹ ڈیپارٹمنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر سمیت دیگر اساتذہ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر طلبہ نے اپنے تعلیمی اور کیریئر سے متعلق مسائل اور تجاویز بھی پیش کیں۔گورنر پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ نوجوان پاکستان کا فخر اور ملک کا روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف ایٹمی صلاحیت حاصل کی ہے بلکہ میزائل ٹیکنالوجی میں بھی نمایاں پیش رفت کی ہے، جو قومی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے توانائی بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر گیس پائپ لائن منصوبے پر عائد پابندیاں ختم ہو جائیں تو پاکستان کو تقریباً 5 ڈالر فی یونٹ کے حساب سے سستی گیس حاصل ہو سکتی ہے، جس سے مہنگائی اور توانائی کے مسائل میں کمی ممکن ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں فلم انڈسٹری کی بحالی اور ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ نوجوانوں کو تخلیقی میدان میں بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک کو اس وقت بیروزگاری اور مہنگائی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم حکومت اور تعلیمی اداروں کو مل کر نوجوانوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرنا ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں میں کھیلوں کی بنیاد پر داخلوں کے رجحان کو فروغ دینا چاہیے تاکہ طلبہ کی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں سامنے لایا جا سکے اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملے۔