صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو پاکستان کا انمول سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار خوشحال، پُرامن اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم نوجوان کے موقع پر پاکستانی نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی تقریباً 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، اس لیے نوجوان ملک کا سب سے بڑا انسانی سرمایہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ معیاری تعلیم، باعزت روزگار اور جدت نوجوانوں کی مشترکہ خواہشات ہیں، اور نوجوان خواتین کی صلاحیتوں اور قیادت کا فروغ ملکی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کر رہا ہے، اور نوجوانوں کو دیانت داری، ہمدردی اور برداشت کی اقدار اپنانے کی ترغیب دی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مضبوط، جامع اور خوشحال پاکستان کی تعمیر نوجوانوں کی بھرپور شرکت سے ہی ممکن ہے۔دوسری جانب، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ رواں سال نوجوانوں کا عالمی دن ’’مختلف حالات، مشترکہ امنگیں‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ دنیا بھر کے نوجوان مختلف حالات میں زندگی گزار رہے ہیں لیکن ان کے خواب، خواہشات اور امنگیں ایک جیسی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ملک اور عالمی سطح پر نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی نشوونما کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ مہارتیں، روزگار، کاروبار و صنعت کاری، ڈیجیٹل جدت اور سماجی شمولیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو عالمی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے فعال کیا جا رہا ہے۔وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، ذمہ داری اور خدمتِ وطن کے جذبے کے ساتھ محنت جاری رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی ترقی ہی قوم کی پائیدار ترقی اور تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔