ہنر مند نوجوان ملک کا مستقبل روشن بنائیں گے: شہباز شریف

ہنر مند نوجوان ملک کا مستقبل روشن بنائیں گے: شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں پرائم منسٹر ڈیجیٹل یوتھ ہب کا افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ دن خوشی کا ہے اور انہوں نے اپنے دورِ وزارت اعلیٰ پنجاب میں تعلیم، صحت اور نوجوانوں کے لیے متعدد اقدامات کیے تھے۔ انہوں نے نوجوانوں کو آئی ٹی، اے آئی اور ووکیشنل ٹریننگ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ ملک کے لیے سرمایہ بنیں۔ وزیراعظم نے یاد دہانی کرائی کہ پنجاب میں انہوں نے 4 لاکھ لیپ ٹاپ ہونہار طلباء میں مفت تقسیم کیے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ آج کی دنیا جدید ٹیکنالوجی کی متقاضی ہے، اور اگر مختلف ممالک تیل، گیس اور معدنیات سے مالا مال ہیں تو پاکستان کے نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ وہ نوجوانوں کی بہترین ٹریننگ کے لیے اربوں روپے خرچ کرنے کے لیے تیار ہیں تاکہ پاکستان کو دنیا کا سب سے ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ رانا مشہود کو پروڈکٹیو ایمپلائمنٹ کے ٹاسک دیا گیا ہے اور نوجوانوں کو خودمختار بنانے کے لیے درکار اخراجات فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں اور ان کی ہنر مندی سے ملک کا مستقبل روشن ہوگا۔

انہوں نے پاکستان کی معیشت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قرضوں کی زندگی سے جان چھڑانی ہوگی اور انہیں وقار کی زندگی میں تبدیل کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہو چکا ہے اور دعا ہے کہ یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہو۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو چکی ہے اور تین ہفتوں میں 34 ارب روپے خزانے میں آئے ہیں۔ انہوں نے کسانوں، صنعتکاروں اور نوجوانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ وہ آخری دم تک قوم کے حقوق کے لیے لڑیں گے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کے حصول کے قابل بنائیں گے۔