ڈی آئی جی آپریشنز نے طلباء کے اعزاز میں خصوصی نشست، تجربات پر تبادلہ خیال کیا
ولنٹیئرز آف پولیس پروگرام نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینے میں معاون ثابت ہو رہا ہے
لاہور(کرائم رپورٹر) ولنٹیئرز آف پولیس پروگرام کے تحت انٹرن شپ کے 28ویں بیج کی تکمیل پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی جانب سے طلباء و طالبات کے اعزاز میں خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس پی ہیڈکوارٹر منزہ بھی شریک تھیں۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلباء سے دورانِ تربیت حاصل ہونے والے پیشہ ورانہ مشاہدات اور تجربات پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر طلباء و طالبات نے لاہور پولیس کے ساتھ کام کرنے کو منفرد، معلوماتی اور عملی تجربہ قرار دیا۔شرکاء کا کہنا تھا کہ انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملی امور، پولیس ورکنگ، فیلڈ ڈیوٹی اور کمیونٹی پولیسنگ کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پولیس اور نوجوانوں کے درمیان اعتماد کے فروغ کیلئے ولنٹیئرز آف پولیس پروگرام ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی شمولیت سے پولیسنگ کے نظام میں بہتری اور عوامی اعتماد میں اضافہ ممکن ہے۔طلباء نے لاہور پولیس کے نظم و ضبط، ٹیم ورک اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے پروگرام کو نوجوانوں کی مثبت تربیت کیلئے م ئوثر قرار دیا۔فیصل کامران نے کہا کہ ولنٹیئرز آف پولیس پروگرام نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینے میں معاون ثابت ہو رہا ہے جبکہ لاہور پولیس نوجوان نسل کو ذمہ دار شہری بنانے کیلئے ایسے پروگرامز کا تسلسل جاری رکھے گی۔تقریب کے اختتام پر طلباء و طالبات نے کیک کاٹا اور یادگاری تصاویر بھی بنوائیں۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پروگرام کا مقصد نوجوانوں اور پولیس کے درمیان بہتر روابط کو فروغ دینا ہے۔