ولنٹیئرز آف پولیس پروگرام کا 32واں انٹرن شپ بیج مکمل

 فیصل کامران کی طلبہ سے نشست، پولیس اور نوجوانوں میں اعتماد بڑھانے پر زور 
لاہور(کرائم رپورٹر) ولنٹیئرز آف پولیس پروگرام کے تحت انٹرن شپ کا 32واں بیج کامیابی سے مکمل ہوگیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات سے خصوصی نشست کی، جس میں ایس پی ہیڈکوارٹرز سمیت دیگر پولیس افسران بھی شریک ہوئے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے طلبہ سے انٹرن شپ کے دوران حاصل ہونے والے تجربات اور پیشہ ورانہ مشاہدات پر گفتگو کی۔ طلبہ و طالبات نے لاہور پولیس کے ساتھ کام کرنے کو منفرد اور معلوماتی تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملی امور، پولیس ورکنگ، فیلڈ ڈیوٹی اور کمیونٹی پولیسنگ کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔فیصل کامران نے کہا کہ پولیس اور نوجوانوں کے درمیان اعتماد کے فروغ کے لیے ولنٹیئرز آف پولیس پروگرام ایک اہم اقدام ہے۔ نوجوانوں کی شمولیت سے پولیسنگ کے نظام میں بہتری لانے اور عوام و پولیس کے درمیان روابط مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے۔