ڈی آئی جی آپریشنز نے جوانوں کو عوام سے خوش اخلاقی اور خدمت کی ہدایت کردی
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ شہریوں کو درپیش مسائل کو اپنے مسائل کی طرح حل کریں اور اپنے مثبت رویوں سے محکمہ پولیس کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق کے جذبے کے تحت شہریوں کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں جوانوں کے دربار سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈولفن، پی آریو اور تھانوں سے کانسٹیبل سے انسپکٹر تک افسران و اہلکار موجود تھے۔فیصل کامران نے کہا کہ چاند رات، عیدالاضحی اور محرم الحرام جیسے بڑے ایونٹس قریب ہیں اور تمام افسران و اہلکار اپنے جوانوں کے ہمراہ مل کر ان تقریبات کو پْرامن بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔جوانوں نے ڈی آئی جی آپریشنز کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے متعلقہ افسران کو فوری حل کیلئے احکامات جاری کیے۔ فیصل کامران نے تھانوں میں آنے والے شہریوں سے عزت اور خوش اخلاقی سے پیش آنے کی بھی ہدایت کی۔