حکومت اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے: ایم ڈی اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن سے ملاقات میں گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دے دیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف سے ایم ڈی اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن افضال بھٹی نے ملاقات کی جس میں افضال بھٹی نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ملاقات میں افضال بھٹی نے او پی ایس ہاسنگ سوسائٹی اور سکول کے معاملات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کو فعال اور متحرک بنانے کیلئے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا، افضال بھٹی نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر وزیراعلی مریم نواز شریف کو مبارکباد دی۔ملاقات کے دوران وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے تمام سرکاری محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل جلد حل کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی، وزیراعلی آفس، چیف سیکرٹری آفس اور آئی جی آفس میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے فوکل پرسن بھی مقرر کر دیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل میں ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اوورسیز پاکستانیز وطن عزیز کا سرمایہ ہیں، حکومت پنجاب کے فوکل پرسن، بیرون ملک مقیم بھائیوں کے معاملات اور مسائل حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے گی