دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا:دہشتگردی کیخلاف جنگ میں صرف جیت ہی پہلا و آخری آپشن:وزیرداخلہ
دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر فورسز کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے لیے مکمل تعاون کریں گے،محسن نقوی
دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کریں گے، پرعزم ہیں کہ بلوچستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کااہم اجلاس سے خطاب
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے کوئٹہ سٹیشن دھماکے کے بعد دہشتگردوں کو کچلنے کے لیے پوری طاقت سے اقدامات کا فیصلہ کرلیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں ریلوے سٹیشن خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔شرکاء نے شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ دہشتگردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری طاقت سے فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان حکومت کو ضروری وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر فورسز کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے لیے مکمل تعاون کریں گے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے پولیس اور لیویز فورس کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پرعزم ہیں کہ بلوچستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے شکر گزار ہیں کہ وقتاً فوقتاً بلوچستان کا دورہ کرکے بحالی امن کیلئے متحرک کردار ادا کرتے ہیں۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ شہاب الدین، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔قبل ازیںوفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیر اعلیٰ ہائوس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ملاقات کی اور کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر خودکش حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر بلوچستان میں امن عامہ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔دونوں رہنماؤں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہر پاکستانی کی جنگ ہے۔ اس جنگ میں صرف جیت ہی پہلا اور آخری آپشن ہے۔بلوچستان میں امن کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ امن و امان یقینی بنانے کے لئے مزید اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ مٹھی بھر عناصر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔