حکومت کے صحت عامہ بارے وژن پر عملدرآمد کیلئے طبی شعبے کے تربیت یافتہ افراد نمایا ں کردار ادا کر سکتے ہیں
صحت کی سہولیات تک عوام کی رسائی یقینی بنانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا، قائم مقام صدرکاعالمی صحت کانفرنس سے خطا ب
اسلام آباد(آئی این پی )قائم مقام صد سید یوسف رضا گیلانی نے صحت کی سہولیات تک عوام کی رسائی یقینی بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنیادی طبی سہولیات ان لوگوں تک پہنچناضروری ہے جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے،شہریوں کو بنیادی طبی سہولیات کے ساتھ صحت مند ماحول کی فراہمی بھی ضروری ہے،تمام شہریوں کو یکساں، سستی و معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔وہ منگل کو ہیلتھ سروسز اکیڈمی میں دو روزہ 14ویں سالانہ بین الاقوامی عوامی صحت کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ ہیلتھ سروسز اکیڈمی صحت عامہ کی بہتری کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے، اس ادارے کا آنے والی نسل کوطبی شعبے میں ہنرمند بنانے میں کلیدی کردار ہے، ہیلتھ سروسز اکیڈمی ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ،صحت عامہ کی سہولیات کی بہتر ی اورتکنیکی تربیت سے قومی سطح پر استفادہ کیا جا سکے گا، موجودہ حکومت کے صحت عامہ بارے وژن پر عملدرآمد کیلئے طبی شعبے کے تربیت یافتہ افراد نمایا ں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کوشش ہے کہ صحت کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھا سکیں،شعبہ صحت میں جدت، سرمایہ کاری اور تحقیق پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں ۔عالمی کانفرنس صحت کے شعبے سے وابستہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موثر پلیٹ فارم ہے، صحت کی سہولیات تک عوام کی رسائی یقینی بنانے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔