ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر میو ہسپتال منتقل کردیا،واقعہ کی تحقیقات جاری
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور کے علاقے جین مندر کے قریب واقع ہیلے کالج میں زیرِ تعمیر عمارت کی چھت اچانک گرنے سے 15 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمی افراد کو ملبے سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جس کے بعد تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ امدادی کارروائی کے دوران متعدد ایمرجنسی گاڑیاں اور اہلکار موقع پر موجود رہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بعض افراد کو شدید چوٹیں بھی آئیں جن میں ظفر کو سر پر گہری چوٹ جبکہ محمد صابر کو فریکچر ہوا۔ زخمی ہونے والوں میں احسن علی، محمد ارشد، عبادت، علی اکبر، مہربان، مختار، محمد عادل، لعل شاہ، اعظم، ظفر، محمد صابر، سیف اللہ، محمد ریاض، نصیر اور عبدالغفور شامل ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ عمارت کے ڈھانچے اور حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔