لاہور: یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے صدر ابراہیم حسن مراد اور پاکستان میں تعینات ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیروغلو کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں تعلیمی، اقتصادی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر تعلیمی و ثقافتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور طلباء کے تبادلے سمیت مختلف باہمی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دو ملک لیکن ایک جان کی مانند ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ تعلیمی اقدار پر کام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترک طلباء یو ایم ٹی میں اسکالرشپس کے تحت اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ اس تعاون کو مزید وسعت دی جائے۔ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیروغلو نے یو ایم ٹی کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے ترک طلباء کو اسکالرشپ کی فراہمی قابلِ تحسین اقدام ہے۔
انہوں نے صدر یو ایم ٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یو ایم ٹی اور پاکستان میرے لیے دوسرے گھر کی حیثیت رکھتے ہیں اور میں یہاں ہمیشہ اپنائیت محسوس کرتا ہوں۔ڈاکٹر عرفان نے امید ظاہر کی کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے، خاص طور پر تعلیمی اور ثقافتی میدان میں۔ملاقات کے اختتام پر صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے ترک سفیر کو یادگاری سوینئر بھی پیش کیا، جو دونوں ممالک کے مابین محبت و اخوت کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا۔