پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔وزیراعظم نے ملاقات کے دوران چین کی قیادت صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اپنے حالیہ دورۂ چین کو انتہائی مفید اور نتیجہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی “ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری” کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔بات چیت میں خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے یعنی سی پیک 2.0 کے تحت زراعت، آئی ٹی، صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز اور معدنیات و کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم نے ہانگژو میں منعقدہ بزنس ٹو بزنس کانفرنس کے دوران طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ اقتصادی تعاون کے ثمرات جلد حاصل کیے جا سکیں۔ملاقات میں قراقرم ہائی وے (KKH) ری الائنمنٹ منصوبے، سیکیورٹی تعاون، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی شراکت داری سمیت دیگر اہم امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس کے ساتھ خطے کی مجموعی صورتحال اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
چینی سفیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد بھی پیش کی۔