خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملہ، ایک زخمی طالبہ جاں بحق

خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملہ، ایک زخمی طالبہ جاں بحق

خضدار میں اسکول بس پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک 12 سالہ زخمی طالبہ دم توڑ گئی ہے۔

 اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی طالبہ کو شدید حالت میں گزشتہ روز کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا، مگر وہ جانبر نہ ہوسکی۔اس حملے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 35 تک پہنچ گئی ہے، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ان زخمیوں میں کئی طلبہ شامل ہیں جو بس میں سوار تھے۔اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ حملے کے بعد بس پر موجود 36 زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

 مقدمہ درج، انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل
دہشت گرد حملے کے حوالے سے خضدار کی سی ٹی ڈی تھانہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق یہ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں قتل، قتل کے اقدام اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔حکام نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ ذمہ داروں کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔