وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم میں تاخیر: چیئرمین ایچ ای سی سے اختلافات پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر فارغ

 اسلام آباد(آئی این پی )وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم میں مبینہ تاخیر کے معاملے پر چیئرمین ایچ ای سی سے اختلافات پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا ۔ ایچ ای سی چیئرمین مختار احمد کی زیر صدارت کمیشن کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ضیا ء القیوم کو کارکردگی کی بنیاد پر عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔کمیشن اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، کمیشن ممبران کی جانب سے معاملے پر قانونی رائے لینے کی تجویز دی گئی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا ٹینیور فوری ختم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی 4 سال کے لیے تھی۔ذرائع کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر میں سرد جنگ کئی ماہ سے جاری تھی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو لیپ ٹاپ سکیم میں مبینہ تاخیر کا جواز بنا کر فارغ کیا گیا۔