اسلام آباد میں لیپ ٹاپ سکیم کی افتتاحی تقریب میںوزیراعظم نے بلوچستان کی طالبہ کو اپنی نشست پر بٹھا دیا‘ محبت اور شفقت ملنے پر بی بی درجان جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں

ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کیلئے سعودی عرب بھیجیں گے شہبازشریف
 سعودی عرب میں 2030 میں ایک بڑی نمائش اور 2034 میں فیفا فٹبال ورلڈکپ کا انعقاد ہونے جارہا ہے جس کیلئے سعودی عرب کو ہزاروں، لیبر، اعلیٰ تربیت یافتہ اور ہنرمند افراد کی ضرورت ہوگی‘ایڑی چوٹی کا زور لگاکربھیجیں گے
  لیپ ٹاپ سے بات بہت آگے چلی گئی اور جدید ٹیکنالوجی، اے آئی کا دور آگیا ہے، انشا اللہ ہم اپنے بچوں کو اس سہولت کو بھی جلد فراہم کریں گے تاکہ ملک خودمختار اور اْن کا مستقبل روشن ہوں:تقریب سے خطاب
 شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس،وزیراعظم کو سالانہ ورلڈ بینک کانفرنس میں ایف بی آر کی شمولیت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا‘سیلز ٹیکس فراڈ کرنے والوں کی شناخت کیلئے تحقیقات کی ہدایت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو ہزاروں لیبر، ہائی اسکلز اور ہنر مند لوگوں کی ضرورت ہے جس کیلئے میں ایڑھی چوڑی کا زور لگا کر ہزاروں نوجوانوں کو بھیجنے کی کوشش کروں گا۔اسلام آباد میں منعقدہ پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کی افتتاحی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی عرب کے دورے کے موقع پر مجھے وہاں پر اے آئی، جدید ٹیکنالوجی سسٹم کے بارے میں بتایا گیا، جس پر میں نے کہا  ہمارے پاس تو تیل کے ذخائر نہیں اور اتنا خرچ بھی نہیں کرسکتے۔وزیراعظم کے مطابق یہ سْن کر سعودی حکام نے کہا کہ ہماری یہ سہولیات کروڑوں پاکستانیوں اور طلبا کیلئے بالکل مفت ہیں، اس سلسلے میں پاکستانی سفیر اور حکام کی سعودی حکام کے ساتھ گزشتہ روز بات چیت بھی ہوئی ہے جس پر جلد خوش خبری سننے کو ملے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ میں نے اس پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور ایک بار پھر اْن کے وژن 2030 کو سراہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں 2030 میں ایک بڑی نمائش اور 2034 میں فیفا فٹبال ورلڈکپ کا انعقاد ہونے جارہا ہے جس کیلیے سعودی عرب کو ہزاروں، لیبر، اعلیٰ تربیت یافتہ اور ہنرمند افراد کی ضرورت ہوگی۔وزیراعظم نے عندیہ دیا ’میں اپنی ایڑھی چوڑی کا زور لگاکر ہزاروں پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کیلیے سعودی عرب بھیجنے کی کوشش کروں گا تاکہ ہمارے نوجوان وہاں جاکر ملک کا نام روشن کریں‘۔شہباز شیرف نے مزید کہا کہ وعدہ ہے کہ لیپ ٹاپ سے بات بہت ا?گے چلی گئی اور جدید ٹیکنالوجی، اے آئی کا دور آگیا ہے، انشا اللہ ہم اپنے بچوں کو اس سہولت کو بھی جلد فراہم کریں گے تاکہ ملک خودمختار اور اْن کا مستقبل روشن ہوں، میں وعدہ کرتا ہوں عہدے اور اپنی پوری زندگی طلبا کیلئے وسائل نچھاور کرتا رہوں گا۔شہباز شریف نے  تقریب میں بلوچستان کی طالبہ   کو اپنی نشست پر بٹھا دیا۔اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں بلوچستان کے ضلع نوشکی سے تعلق رکھنے والی میڈیکل کی طالبہ بی بی درجان نے شرکت کی اور انہوں نے اپنے صوبے کی بھرپور نمائندگی کی۔بی بی درجان نے بتایا کہ انہیں 2023 میں اس وقت لیپ ٹاپ ملا جب ان کا بولان میڈیکل یونیورسٹی میں فزیو تھراپی کی تعلیم کیلئے  داخلہ لیا۔ وزیراعظم نے انہیں شاباش دیتے ہوئے اپنی نشست پر بٹھا دیا۔وزیراعظم کی جانب سے محبت اور شفقت ملنے پر بی بی درجان فرط جذبات پر قابو نہیں رکھ سکیں۔دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلز ٹیکس فراڈ کرنے والے اداروں، کمپنیوں اور افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی 3 ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کرے۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم کو واشنگٹن میں منعقدہ سالانہ ورلڈ بینک کانفرنس میں ایف بی آر کی شمولیت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔