فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج خطے کی سب سے مضبوط عسکری قوت بن کر اْبھری ہے
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز کیے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے جنرل عاصم منیر کو اس تاریخی اعزاز پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف افواج پاکستان بلکہ پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت، اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک تاریخی فتح حاصل ہوئی۔جنرل عاصم منیر آج پاکستانی قوم کے لیے فخر کی علامت اور دشمنان وطن خصوصاً بھارت کے لیے خوف کی علامت بن چکے ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت جیسے روایتی دشمن کو عسکری، سفارتی اور اخلاقی میدان میں شکست دینا پاک فوج کے سپہ سالار کا ایک عظیم کارنامہ ہے۔ "ہماری آنے والی نسلیں بھی جنرل عاصم منیر کی اس غیرمعمولی کامیابی کو ہمیشہ یاد رکھیں گی۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج دفاعی لحاظ سے دنیا کی طاقتور ترین فورسز کی صف میں شامل ہو چکی ہیں۔ ان کی زیر قیادت پاک فوج خطے کی ایک ناقابل تسخیر اور منظم قوت کے طور پر اْبھر کر سامنے آئی ہے