پر تشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات کسی بھی کوشش سے طاقت کیساتھ نمٹا جائیگا کور کمانڈر زکانفرنس
بھارت کے آلہ کارکے طورپردہشتگردی کے سنگین نتائج کی ذمہ دار صرف طالبان قیادت ہے، افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں
،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مخصوص عناصر کے ٹیرر کرائم گٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے‘ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں،کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے:اعلامیہ
انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید مضبوط کرنے کے عمل کو جاری رکھا جائے، فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی کے حصول، ٹریننگ، تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں:فیلڈ مارشل
راولپنڈ ی (آئی این پی )کور کمانڈرز کانفرنس میں متنبہ کیا گیا ہے پر تشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے نمٹا جائے گا، قوم کی غیر متزلزل حمایت کیساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت،قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے مکمل تیار ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرصدارت کور کمانڈر کانفرنس ہوئی، کانفرنس کے شرکا نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید مضبوط کرنے کے عمل کو جاری ر رکھا جائے، فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی کے حصول، ٹریننگ، تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی سلامتی کے لیے جاری اقدامات، انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیوں اور مستقبل کی دفاعی ضروریات کا بھی جائزہ لیا گیا۔شرکا نے کہا کہ کسی بھی جواز پر، پرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے نمٹا جائے گا، ایسی صورت میں فیصلہ کن طاقت اور قانون کیساتھ بلاامتیاز اور بلاجھجھک نمٹا جائیگا، بھارت کے آلہ کارکے طورپردہشتگردی کے سنگین نتائج کی ذمہ دار صرف طالبان قیادت ہے۔ شرکا کانفرنس نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے لازم ہے کہ گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب ترین لایا جائے، یہ بھی ضروری ہے کہ عوام کے ساتھ دہشتگردی کی وجوہات اور عملات پر موثر رابطہ کاری اور بیانیے پر کام کیا جائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے زمینی کارروائیوں کے ساتھ بہترین انتظامی اور گورننس کے اقدامات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیوں کو سراہا۔شرکا نے کہا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں، ضروری ہے عوام کیساتھ دہشتگردی کی وجوہات پر موثر رابطہ کاری اور بیانیے پر کام کیا جائے، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مخصوص عناصر کے زیرِ سایہ چلنے والے کرائم ٹیرر گٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے جبکہ پولیس کی استعدادِ کار میں بھی اضافہ کیا جائے ۔کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے پاکستان،سعودی عرب،ترکیہ کیدرمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا، فورم نے معاہدے کو دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات، مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا۔کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔ شرکا نے سعودی عرب سے اظہار یکجہتی، حرمین شریفین کے تحفظ، تقدس کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔فورم کے مطابق مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں،کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔