رانا صدام اور شاہد نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارا ،ملزم گرفتار
یاسر نے چند روز قبل لڑکی اغوا کی کو شش پر والد طارق کو قتل کر دیا تھا
لدھیوالہ وڑائچ،گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹ )تھانہ لدھے والا وڑائچ کے علاقہ بکھڑیوالی میں15ہزار روپے کے تنازع پرہونے والے جھگڑے میں خطرناک اور خوف کی علامت سمجھا جانے والا شخص قتل ہو گیا ،پولیس نے ملزموں کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کے بکھڑیوالی میں پندرہ ہزار روپے کے تنازع پر ہونے والی تلخ کلامی میں رانا صدام اور رانا شاہد نے فائرنگ کر کے یاسرگجر عرف کالا کو قتل کر دیا ، مقتول علاقے میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا ڈکیتی رہزنی منشیات اور قتل کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا ،یاسر گجر نے پانچ روز قبل بکھڑ یوالی کے رہائشی طارق مسیح کے گھر گھس کر اس کی 14سالہ بیٹی کو اغوا کرنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر خنجر کے وار کر کے طارق کو قتل کر دیا تھا جسکا مقدمہ مقتول طارق کی اہلیہ مارگریٹ کی مدعیت میں تھانہ لدھیوالہ میں درج ہوا اور مقتول طارق کے اہل خانہ اپنی جان بچانے کے لیے گائوں چھوڑ کر فیصل آباد چلے گئے ۔ اہل دیہہ کے مطابق مقتول یاسر بدنام زمانہ منشیات فروش، ڈکیت تھا ،تھانہ لدھیوالہ اور تھانہ اروپ پولیس کو ایک درجن سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا ،لدھیوالہ پولیس نے ملزموں رانا صدام اور رانا شاہد کو حراست میں لیکر قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔