زیرو پوائنٹ کے قریب حملہ کیا گیا‘بس تباہ ہو گئی، 38 زخمی بچوں کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ‘بزدلانہ حملہ بھارت کے دہشتگردنیٹ ورک نے اپنی پراکسی تنظیموں کے ذریعے کروایا، ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا:ترجمان فوج
معصوم بچوں پر حملے انسانیت سوز اور گھنائونا جرم ہے، بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگردوں کی حمایت میں ملوث ہے، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا مکمل قلع قمع کریں گے، دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں:صدرزرداری
خضدار،اسلام آباد،راولپنڈی(آئی این پی )بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک سکول بس کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین معصوم بچوں سمیت پانچ افراد شہید جبکہ38بچے زخمی ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی طرف سے کیا گیا ہے۔ خضدار میں اسکول جانے والے بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا جو ایک المناک اور بزدلانہ اقدام ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے بھارت میدان جنگ میں شکست کھانے کے بعد ایسے گھنائونے اور بزدلانہ واقعات کے پیچھے ہے، اور یہ حملے بھارت کے دہشت گرد نیٹ ورک نے اپنی پراکسی تنظیموں کے ذریعے کروائے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے واقعے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز جاری رکھے جائیں گے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ادھر ڈپٹی کمشنر خضدار نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں سکول کی بس تباہ ہو گئی، سکول بس میں سوار 5 بچے جاں بحق ہوئے ہیں، 38 زخمی بچوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر خضدارنے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اسکول بس میں دھماکا خود کش بمبار کی جانب سے خود کو اڑانے کے بعد ہوا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے خضدار سکول بس پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے سکول بس پر حملہ کر کے درندگی کی حدیں پار کر دیں۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سکول جانے والے معصوم بچوں پر حملے انسانیت سوز اور گھنائونا جرم ہے، بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگردوں کی حمایت میں ملوث ہے، بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کا مکمل طور پر قلع قمع کریں گے۔صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی حمایت سے ہونے والی دہشتگردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں گے، بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی کاروائیوں کیلئے دہشتگردوں کو سپورٹ فراہم کررہا ہے، دہشتگرد تعلیم اور انسانیت کے دشمن ہیں۔آصف علی زرداری نے مزید کہا ہے کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں، دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔