قصور(خصوصی رپورٹ) ڈی پی اوقصور آفتاب احمد پھلروان کی ہدایت پر تھانہ اے ڈویڑن قصور پولیس نے بلدیہ چوک میں طالبات کو ہراساں کرکے سکوٹی سے گرانے والے تینوں ملزموں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔گزشتہ روز کالج سے گھر جانے والی طالبات سکوٹی پر سوار تھیں کہ بلدیہ چوک کے قریب تین ملزموں نے مبینہ طور پر انہیں ہراساں کرنے کی نیت سے دھکا دیکر گرا دیا، جس کے نتیجے میں طالبات زخمی ہو گئیں۔ واقعے کے بعد تینوں ملزم موٹرسائیکل پر فرار ہو گئے۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے ملزموں کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کئے۔ ایس ایچ او تھانہ اے ڈویڑن افتخار احمد جوئیہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزموں کو ٹریس کیا اور مختلف مقامات پر چھاپے مار کر تینوں ملزموں کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے۔