وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈے کے تحت اہم پیشرفت: قیدیوں کو معاوضہ ملنا شروع

وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈے کے تحت اہم پیشرفت: قیدیوں کو معاوضہ ملنا شروع

وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈے کے تحت، جیلوں میں کام کرنے والے قیدیوں کو اب معاوضہ ملنا شروع ہو گیا ہے، جو ان کی محنت کا اجر دینے کا ایک مثبت اقدام ہے۔

 ڈسٹرکٹ جیل شاہ پور میں قیدیوں کے ہاتھوں تیار کردہ نوروزی چپل مارکیٹ میں فروخت ہو رہی ہے، اور اس سے حاصل ہونے والی اجرت ان قیدیوں کے ذاتی اکاؤنٹس میں جمع کی جاتی ہے۔ ماہرین کی نگرانی میں قیدیوں نے اعلیٰ معیار کی نوروزی چپل تیار کرنا سیکھا ہے، جو نہ صرف خوبصورتی اور معیار میں ممتاز ہیں، بلکہ پائیداری کے لحاظ سے بھی بے مثال ہیں۔یہ اقدام قیدیوں کو ہنر مند بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی رہائی کے بعد معاشرتی طور پر فائدہ مند بن سکیں اور معاشی طور پر خود کفیل ہوں۔ عید کے موقع پر قیدیوں کو ان کی محنت کا صلہ دیا گیا، جس سے ان کی حوصلہ افزائی بھی ہوئی۔

پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدی مختلف مصنوعات تیار کر رہے ہیں، جن میں اعلیٰ معیار کا فرنیچر، قالین، ہینڈی کرافٹس، برتن، پیپر، ٹائلیں، فینائل، پرفیوم، صابن، ایل ای بلب، ٹشو پیپر، فٹ بال اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔اس کے علاوہ، قیدیوں کو موٹر مکینک، حجام، خانساماں، بیوٹیشن اور آئی ٹی کے کورسز بھی کروائے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی رہائی کے بعد معاشی طور پر خود کفیل ہو سکیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق، جیل انڈسٹری اور ہنر مند قیدی جیل ریفارمز کی ایک اعلیٰ مثال ہیں، جو نہ صرف قیدیوں کے لیے مفید ہیں بلکہ معاشرے کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو رہے ہیں۔