پاکستان کے مسائل کا حل شفاف ، منصفانہ، عادلانہ نظام حکومت میں مضمر ہے،قائد ملت جعفریہ کا یوم علی پرپیغام
راولپنڈی / اسلام آباد(آئی ا ین پی) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ حضرت علی ؑ ابن ابی طالب ؑ کی شہادت رحلت پیغمبر ؐ کے بعد تاریخ کا سانحہ کبریٰ ہے ۔ 21 رمضان المبارک کی مناسبت سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ مقدس مشن کیلئے جدوجہد جاری رہنا چا ہیے اگرچہ اس راستے میں جان کی قربانی بھی دینی پڑے اس کے ساتھ ہمیں اس طرف بھی توجہ دینی چاہیے کہ شہید ہونے والی شخصیت کا مشن کے خدو خال کیا تھے تاکہ اس کے زندہ رکھنے کی جدوجہد کی جائے۔ حضرت علی کا مشن قرآنی تعلیمات کی تحویل و تشریح اور ہر سطح پر عادلانہ نظام کا نفاذ تھا ۔علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل بھی شفاف ، منصفانہ، عادلانہ نظام حکومت میں مضمر ہے جس میں امیر المومنین ؑ کے مثالی دور کے اصولوں سے استفادہ کرتے ہوئے ظلم کا نام ونشان مٹایا جائے، ناانصافی اور تجاوز کا خاتمہ کیا جائے،تمام شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق دستیاب ہوں۔ طبقاتی تقسیم اور تفریق کا خاتمہ کیا جائے۔