اسلام آباد(آئی این پی )ملک بھرکی مساجد میں لاکھوں فرزندان اسلام جمعہ کو اعتکاف بیٹھ گئے ۔رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ اختتام پذیر ہونے پر ملک بھر کی مساجد میں لاکھوں افراد جمعہ کو بعد نماز عصر اعتکاف بیٹھ گئے ۔ اسلا م آباد میں فیصل مسجد میں 600سے زائد افراد اعتکاف بیٹھے ہیں۔اس کے علاوہ اسلام آباد کی دیگر مساجد میں بھی ہزاروں فرزندان اسلام اعتکاف بیٹھ گئے ۔ادھر محکمہ اوقاف نے لاہور میں داتا دربار میں انتظامیہ نے معتکفین کے ناموں کی فہرست احاطہ دربار میں آویزاں کر دی۔ایڈمنسٹریٹر داتا دربار شیخ جمیل نے کہا ہے کہ سپیشل برانچ سے کلیئرنس ملنے والوں کے نام فہرست میں شامل کئے گئے ہیں، انتظامیہ نے 1600افراد کے ناموں کی فہرست آویزاں کی ہے ۔انہوں نے بتایا ہے کہ معتکفین کے لئے 4 سیکٹرز میں طعام و قیام کے انتظامات ہوں گے، تمام سیکٹرز میں 102 کیبن ہوں گے، ہر شہری کے سکیورٹی کارڈ پر کیبن درج ہو گا۔کراچی کی مساجد میں بھی جمعہ کو بعد نماز عصر مسلمان10 روزہ اعتکاف کے لئے بیٹھ گئے جوشوال کا چاند نظرآتے ہی اپنا اعتکاف مکمل کرکے مساجد سے باہر آ جائیں گے۔ ملک بھر کی مساجد میں اعتکاف بیٹھنے والوں کے لئے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں ،معتکفین کیلئے سحروا فطار کا بھی بندو بست کیا گیا ہے۔