ورلڈ کپ 2026 میں 10 دنوں کے اندر ہی ریکارڈز کی برسات، بڑے اسٹارز کی شاندار کارکردگی

ورلڈ کپ 2026 میں 10 دنوں کے اندر ہی ریکارڈز کی برسات، بڑے اسٹارز کی شاندار کارکردگی

فیفا ورلڈ کپ 2026 کو شروع ہوئے ابھی صرف 10 دن ہی گزرے ہیں، لیکن ٹورنامنٹ پہلے ہی کئی یادگار ریکارڈز اور شاندار کارکردگیوں کا مرکز بن چکا ہے۔

دنیا کے نامور فٹبال اسٹارز لیونل میسی، کائلیان ایمباپے، ہیری کین اور ایرلنگ ہالینڈ نے اپنے ابتدائی میچوں میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کرنے کی راہ ہموار کر دی ہے۔ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک اسکور کرکے ورلڈ کپ میں اپنے مجموعی گولز کی تعداد 16 تک پہنچا دی، جس کے بعد وہ جرمنی کے لیجنڈ میروسلاو کلوزے کے ہم پلہ آ گئے ہیں اور ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔فرانس کے کائلیان ایمباپے نے بھی اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے 14 ورلڈ کپ گولز مکمل کر لیے ہیں اور وہ میسی اور کلوزے کے ریکارڈ سے صرف دو گول پیچھے ہیں۔ ایمباپے نے اس کارکردگی کے ساتھ فرانس کی تاریخ کے سب سے زیادہ ورلڈ کپ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔انگلینڈ کے ہیری کین نے کروشیا کے خلاف دو گول اسکور کر کے ورلڈ کپ میں اپنے گولز کی تعداد 10 تک پہنچا دی، یوں انہوں نے گیری لائنکر کا انگلینڈ کے لیے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گولز کا ریکارڈ برابر کر دیا۔دوسری جانب پرتگال کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اپنے پہلے میچ میں نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے، تاہم انہوں نے ایک اہم سنگ میل عبور کیا اور چھ مختلف ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔

 وہ ورلڈ کپ میں میدان میں اترنے والے معمر ترین آؤٹ فیلڈ کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ نے عراق کے خلاف دو گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی ورلڈ کپ تاریخ کے مشترکہ ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کر لیا۔اسی طرح کیپ وردے کے گول کیپر ووزینیا نے اسپین کے خلاف شاندار کارکردگی دکھا کر اپنی ٹیم کے ڈیبیو ورلڈ کپ میچ میں کئی اہم ریکارڈز قائم کیے۔ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں اب تک چھ ریڈ کارڈز بھی دکھائے جا چکے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ورلڈ کپ نہ صرف ریکارڈز بلکہ سنسنی خیز اور ڈرامائی لمحات کے حوالے سے بھی یادگار ثابت ہو رہا ہے۔