راولپنڈی ٹیسٹ: ثاقب خان اور غازی غوری نے دو بڑے ریکارڈز برابر کردیے

راولپنڈی ٹیسٹ: ثاقب خان اور غازی غوری نے دو بڑے ریکارڈز برابر کردیے

راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری راولپنڈی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر ثاقب خان اور وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو بڑے قومی ریکارڈز برابر کردیے۔

تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر ثاقب خان نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 130 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بولر بن گئے۔ثاقب خان سے قبل محمد زاہد، محمد نذیر اور ابرار احمد بھی ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔

دوسری جانب وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری نے بھی وکٹوں کے پیچھے غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور سری لنکا کی پہلی اننگز کے دوران 6 کیچز پکڑے۔ اس طرح وہ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں 6 کیچز لینے والے دوسرے پاکستانی وکٹ کیپر بن گئے۔غازی غوری سے قبل سابق پاکستانی کپتان اور وکٹ کیپر وسیم باری بھی ٹیسٹ کی ایک اننگز میں 6 کیچز پکڑنے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد بھی ون ڈے کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 2015 کے ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں 6 کیچز پکڑ کر آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔