ڈولفن سکواڈ نے 2خطرناک ڈکیت گینگ دھر لئے

لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی ڈولفن بلال احمد کے مطابق ڈولفن سکواڈ نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 2 خطرناک ڈکیت گینگز کو بھی قانون کی گرفت میں لے لیا گیا۔ایس پی ڈولفن نے بتایا کہ دورانِ پٹرولنگ 19 اشتہاری مجرمان، 92 عادی مجرمان اور 7 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ 8 مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو متعلقہ تھانوں میں بند کر دیا گیا جبکہ 130 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ ون ویلنگ اور پتنگ بازی میں ملوث 8 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مختلف نوعیت کے 57 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیاایس پی ڈولفن بلال احمد کا کہنا تھا کہ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت پرعزم ہیں اور جرائم کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہے ہیں۔