ڈولفن سکواڈ نے2خطرناک ڈکیت گینگ دھر لئے

 56 عادی مجرم گرفتار، 228 مشکوک گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند
 لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ڈولفن سکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹ (پی آر یو) کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کے مطابق ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ڈولفن سکواڈ نے دو خطرناک ڈکیت گینگز کو بھی گرفتار کیا۔ دورانِ پٹرولنگ 17 اشتہاری ملزمان، 56 عادی مجرمان اور تین عدالتی مفرور گرفتار کیے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے ایک پستول، گولیاں اور میگزین بھی برآمد کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 228 مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو تھانوں میں بند کیا گیا، جبکہ 176 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ نمبر پلیٹوں میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف 67 سے زائد مقدمات درج کروائے گئے، جبکہ ون ویلنگ اور پتنگ بازی میں ملوث نو ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مختلف شعبوں میں 87 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کا کہنا تھا کہ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت پرعزم ہیں۔