مریضہ کا گردہ نکالنے والا ہسپتال سیل،3ملزم گرفتار

 قصورکے ہسپتال پر چھاپہ، گردہ بر آمد ،سادہ لوح افراد کو لالچ دیکر یا دھوکے سیگردے نکال کر ٹرانسپلانٹ کاانکشاف 
قصور(خصوصی رپورٹ ) غیر قانونی طور پر مریضہ کا گردہ نکالنے والا ہسپتال سیل، آپریشن تھیٹر سے گردہ برآمد، 3 ملزم گرفتار کرلئے گئے۔ سٹیل باغ چوک قصور کے قریب نجی ہسپتال میں رات گئے پولیس اور محکمہ صحت نے مشترکہ کارروائی میں غیر قانونی ٹرانسپلانٹ کی کوشش ناکام بنا دی۔ لاہور کی 27 سالہ مریضہ سکینہ بی بی کو نوید شوکت ساکن نارووال اور شہباز ارشدساکن لاہور ہسپتال عملے سے ساز باز کر کے آپریشن تھیٹر لے گئے ۔ ہسپتال کے ایک ملازم کی 15 کال پر تھانہ صدر پولیس نے فوری چھاپہ مار کر موقع سے نوید، شہباز اور مریضہ کے کزن عمار کو گرفتار کر لیا۔ گینگ کے دیگر ارکان نامعلوم ڈاکٹر اور ہسپتال انتظامیہ کے کارندے اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس نے کارروائی میں ہسپتال پارکنگ سے گاڑی اور مشکوک ایمبولینس برآمد کرلی ،گاڑی جس سے سرجری کا سامان اور 70 ہزار روپے ملے۔ تفتیش پر انکشاف ہوا کہ یہ گینگ مختلف شہروں کے ہسپتالوں میں سادہ لوح افراد کو پیسوں کا لالچ دیکر یا دھوکے سے انکے گردے نکال کر لاہور میں لاکھوں کے عوض ٹرانسپلانٹ کرتا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزموں کیخلاف قانونی کارروائی شروع کر دی۔ڈی ایچ او ڈاکٹر فیصل اقبال نے موقع پر پہنچ کر ہسپتال کو سیل کر دیا اور آپریشن تھیٹر سے سکینہ کا نکالا گیا گردہ برآمد کر کے قبضے میں لے لیا جبکہ مریضہ کو نازک حالت پر جنرل ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔