9 مئی مقدمہ: میاں محمود الرشید کی ضمانت کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع

9 مئی مقدمہ: میاں محمود الرشید کی ضمانت کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما میاں محمود الرشید نے 9 مئی سے متعلق مقدمے میں ضمانت کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے 28 اپریل کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔وفاقی آئینی عدالت میں دائر اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے مقدمے کے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، جبکہ 9 مئی کے الزامات کی تائید میں کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں۔ درخواست کے مطابق کسی بھی گواہ نے میاں محمود الرشید پر اشتعال انگیزی کا الزام عائد نہیں کیا۔اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے برآمدگی کا الزام مسترد کرنے کے باوجود انہیں سازش کے جرم میں سزا سنائی، جبکہ سازش سے متعلق گواہوں کے بیانات مختلف عدالتوں میں ایک دوسرے سے متضاد رہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اسی مقدمے میں شریک ملزم شاہ محمود قریشی کو بری کیا جا چکا ہے، اس لیے ایک ہی مقدمے میں ایک ملزم کو بری اور دوسرے کو سزا دینا قانون اور انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔میاں محمود الرشید نے اپنی درخواست میں پنجاب حکومت اور ایس ایچ او تھانہ شادمان کو فریق بنایا ہے اور عدالت سے جلد سماعت کی استدعا بھی کی ہے۔