دنیا کے سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے یوٹیوبر اور مسٹر بیسٹ کے نام سے مشہور جمی ڈونلڈسن نے اپنی دیرینہ دوست تھییا بوئسن سے شادی کر لی۔
انہوں نے اس خوشخبری کا اعلان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیا۔تصاویر کے ساتھ جمی ڈونلڈسن نے لکھا، "مجھے مسز بیسٹ مل گئی، اور یہ میری زندگی کا سب سے بہترین دن تھا۔" تصاویر میں نوبیاہتا جوڑے کو سمندر کے کنارے خوشگوار انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اعلان سامنے آتے ہی دنیا بھر سے لاکھوں مداحوں اور معروف کانٹینٹ کریئیٹرز نے انہیں مبارکباد پیش کی۔رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب جولائی میں برٹش ورجن آئی لینڈز میں رچرڈ برینسن کے نجی جزیرے نیکر آئی لینڈ پر منعقد ہوئی، جہاں صرف تقریباً 70 قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا۔شادی سے قبل مہمانوں کے لیے جزیرے پر مختلف تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں کائٹ سرفنگ، سنورکلنگ، بورڈ گیمز اور دیگر آؤٹ ڈور سرگرمیاں شامل تھیں۔اس موقع پر تھییا بوئسن نے معروف ڈیزائنر نیکول اینڈ فیلیشیا کوچر کا تیار کردہ عروسی لباس زیب تن کیا، جبکہ مسٹر بیسٹ نے رالف لارین کا کلاسک ٹکسڈو پہنا۔شادی کے بعد تھییا بوئسن نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "یہ شاید صرف ایک رسمی کارروائی لگے، لیکن جب سے ہماری بات چیت شروع ہوئی، ہمارا مقصد ایک دوسرے سے شادی کرنا ہی تھا۔
فرق صرف اتنا ہے کہ اب پوری دنیا جانتی ہے کہ ہم میاں بیوی ہیں۔"تھییا بوئسن کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے اور وہ خود بھی ایک معروف کانٹینٹ کریئیٹر، گیمر اور مصنفہ ہیں۔ انہوں نے نفسیات اور قانون میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور ایک کتاب بھی تحریر کر چکی ہیں۔دونوں کی پہلی ملاقات 2022 میں جنوبی افریقہ میں ہوئی تھی، جب جمی ڈونلڈسن ایک دورے پر وہاں گئے تھے۔ ایک مشترکہ دوست نے دونوں کا تعارف کروایا، جس کے بعد ان کی دوستی محبت میں بدل گئی۔ بعد ازاں جمی نے دوبارہ جنوبی افریقہ کا سفر کیا اور دونوں نے کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد دسمبر 2024 میں کرسمس کے موقع پر منگنی کر لی۔مسٹر بیسٹ اس سے قبل متعدد انٹرویوز میں تھییا کی ذہانت اور سیکھنے کے شوق کی تعریف کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تھییا نئی چیزیں جاننے کی خواہش رکھتی ہیں اور یہی خوبی انہیں سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے۔
دوسری جانب تھییا نے بھی اپنی پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ حیران رہ گئی تھیں کہ دنیا کے سب سے بڑے یوٹیوبر ہونے کے باوجود جمی انتہائی سادہ، عاجز اور خوش اخلاق انسان ہیں۔واضح رہے کہ مسٹر بیسٹ اپنی بڑے پیمانے کی چیلنج ویڈیوز، فلاحی منصوبوں اور کروڑوں ڈالر کے انعامات دینے کی وجہ سے دنیا بھر میں غیر معمولی شہرت رکھتے ہیں۔ ان کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ شادی کی تصاویر کو لاکھوں صارفین پسند کر چکے ہیں۔