پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی، اداکار امیر گیلانی اور اداکارہ ماورا حسین حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، اور مداح ان کی جوڑی کو خوب پسند کر رہے ہیں۔نوبیاہتا جوڑے کے پرانے انٹرویوز بھی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، جن میں دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کا احوال بیان کیا تھا۔ایک انٹرویو میں ماورا حسین نے اپنی اور امیر گیلانی کی پہلی ملاقات کو ایک "فلمی لمحہ" قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی پہلی ملاقات کسی ڈرامے میں کام کرنے سے کافی پہلے ہوئی تھی۔ماورا نے کہا، "میرا پیپر تھا اور میں امتحان سے پہلے پانی کی بوتل خرید رہی تھی۔ اس وقت مجھے احساس ہوا کہ میں اپنا والٹ گاڑی میں بھول گئی ہوں، جس سے میں کافی پریشان ہوگئی۔"
اسی دوران وہاں موجود امیر گیلانی نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے کہا، "سب لوگ پیپر سے پہلے جلدی میں ہوتے ہیں، اور جب میں نے ماورا کو پریشان دیکھا تو میں نے کہا کہ کوئی بات نہیں، پانی کی بوتل کے پیسے میں دے دیتا ہوں۔"امیر گیلانی نے مزید کہا کہ ان کی پہلی ملاقات بہت مختصر تھی، مگر وقت کے ساتھ ساتھ دونوں کے درمیان قریبی دوستی ہوگئی جو اب ازدواجی زندگی میں بدل چکی ہے۔مداحوں کی جانب سے اس خوبصورت جوڑی کے لیے نیک تمناؤں اور مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔