پاکستانی گلوکار اور نغمہ نگار ثبات باطن نے حال ہی میں نکاح کر لیا ہے، جس کی خوش خبری انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر شیئر کرکے دی ہے۔
ثبات باطن نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نکاح کی تقریب کی چند تصاویر پوسٹ کی ہیں، جن میں وہ اور ان کی دلہن میرون اور رسٹ رنگ کے روایتی ملبوسات میں نظر آ رہے ہیں۔تصاویر میں دونوں نے سبزہ زار میں فوٹو شوٹ کروایا ہے، اور آن لائن شیئر کی گئی تصویر میں دلہن کے چہرے کو سن فلاور ایموجی سے چھپایا گیا ہے۔نکاح کی خبر شیئر کرنے کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔گلوکارہ نمرہ مہرہ نے کمنٹ کیا ہے کہ “ماشاء اللّٰہ! مبارک ہو ثبات”، جبکہ ماڈل صحیفہ جبار نے دل والے ایموجی کے ذریعے خوشی کا اظہار کیا ہے۔اداکار و گلوکار عاشر وجاہت نے بھی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ہے کہ “ماشاء اللّٰہ میرا بھائی، بہت مبارک دونوں کو۔“
ثبات باطن کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ پنجابی، اردو اور ہندی موسیقی کے امتزاج کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہیں برطانوی پنجابی ریپر ریک اسٹار کے ساتھ گائے گئے گانے ’گَل سُن‘ سے خاصی شہرت ملی، جس نے بھارت میں پاکستانی مواد پر پابندیوں کے باوجود مقبولیت حاصل کی۔’گَل سُن‘ اسپاٹیفائی انڈیا کے چارٹس پر 62 ویں نمبر تک پہنچا اور ہفتہ وار 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد مرتبہ اسٹریم کیا گیا۔ثبات باطن کے دیگر معروف گانوں میں ’اعتبار‘، ’وے سجنا‘، ’بلبل‘، ’دنیا جال‘ اور ’یاد رہی‘ شامل ہیں۔