پری مون سون سیزن میں ملک بھر میں معمول سے 13 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ، محکمہ موسمیات کی رپورٹ جاری

پری مون سون سیزن میں ملک بھر میں معمول سے 13 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ، محکمہ موسمیات کی رپورٹ جاری

محکمہ موسمیات نے اپریل تا جون 2026 کے پری مون سون سیزن کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر بارشیں معمول سے 13 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئیں، جس سے مجموعی موسمی صورتحال معمول سے بہتر رہی۔

رپورٹ کے مطابق پری مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں اوسطاً 73 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں بارشیں معمول سے 23 فیصد زیادہ رہیں، جبکہ خیبرپختونخوا میں 15 فیصد اور آزاد کشمیر میں 10 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان میں بھی معمول سے 10 فیصد زائد بارش ہوئی، جبکہ سندھ میں بارش تقریباً معمول کے مطابق رہی۔رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان واحد خطہ رہا جہاں پری مون سون سیزن کے دوران بارشیں معمول سے 17 فیصد کم ریکارڈ کی گئیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پری مون سون بارشوں میں اضافے سے کئی علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی آئی، تاہم مون سون کے دوران ممکنہ موسمی تبدیلیوں اور شدید بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔