خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کا الرٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ کا خدشہ

خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کا الرٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ کا خدشہ

محکمہ موسمیات خیبرپختونخوا نے آج سے جمعرات تک صوبے میں شدید بارشوں، فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، تودے گرنے اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں زیرِ آب آنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور ڈھانچوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، اپر و لوئر کوہستان، کولائی پالس، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، پشاور، خیبر، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم اور اورکزئی میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

اسی طرح لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بعض علاقوں میں شدید موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 64 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ چراٹ میں 55، کالام میں 35 اور ڈیرہ اسماعیل خان و تخت بھائی میں 18 ملی میٹر بارش ہوئی۔ گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چترال میں 28، ڈیرہ اسماعیل خان میں 35، پشاور میں 28، دیر میں 30، مالم جبہ میں 20 اور کالام میں 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔