پنجاب میں مزید طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات ظاہر کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں مون سون کا کمزور سسٹم موجود ہے، جس کے باعث بارشوں کی شدت میں کمی آئی ہے، تاہم درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے 4 سے 7 اگست تک دوبارہ شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، خاص طور پر دریاؤں کے بالائی طاس میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔ ان بارشوں کے نتیجے میں دریائے چناب اور جہلم میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
ممکنہ متاثرہ اضلاع میں راولپنڈی، فیصل آباد، گجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاالدین اور ڈی جی خان شامل ہیں۔مزید برآں، نشیبی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے خبردار کیا گیا ہے۔ شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام اضلاع کو ہدایت کی ہے کہ عملہ اور مشینری ہائی الرٹ پر رہے، واسا اور میونسپل ادارے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی یقینی بنائیں اور بارش کے دوران افسران خود فیلڈ میں رہ کر نگرانی کریں۔