خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلیش فلڈ نے تباہی مچا دی، 12 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلیش فلڈ نے تباہی مچا دی، 12 افراد جاں بحق

پشاور: خیبرپختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والی موسلادھار بارشوں اور فلیش فلڈ نے مختلف اضلاع میں تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 18 افراد زخمی ہو گئے۔ متعدد مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 مرد، 5 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 10 مرد، 4 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مجموعی طور پر 18 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 15 گھروں کو جزوی جبکہ 3 گھروں کو مکمل طور پر نقصان پہنچا۔بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، لوئر چترال، لوئر اور اپر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی وزیرستان شامل ہیں، جہاں مختلف مقامات پر گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ کے باعث حادثات پیش آئے۔ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرین کو فوری ریلیف اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اس وقت صوبے کے بڑے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں فلیش فلڈ کا خطرہ برقرار ہے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دریاؤں، ندی نالوں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔